کاروار:18؍نومبر(ایس اؤ نیوز)اترکنڑا ضلع میں مقامی عوامی اداروں کی جانب سے ہونے والے ودھان پریشد انتخابات میں کانگریس پارٹی میں ٹکٹ امیدواروں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتاجارہاہے، سُجاتا گاؤنکر نے بھی امیدواری کا پرچہ داخل کرنےسے ٹکٹ تقسیم کاری کا مسئلہ اور بھی پیچیدہ ہوگیا ہے۔ نویدیتا آلوا، سائی گاؤنکر، رویندرناتھ نائک، شری پاد ہیگڈے اس سے پہلے امیدواری کےلئے عرضیاں داخل کرچکےہیں۔ اب ڈی سی سی مہیلا شعبہ کی صدر سجاتا گاؤنکر اور کمٹہ کے دھیرو شانبھاگ بھی امیدواروں کی فہرست میں شامل ہوگئےہیں۔
کے پی سی سی ذرائع کی مانیں تو کہاجارہاہے کہ کانگریس کی طرف سے اسی کو ٹکٹ دیاجائےگا جو جیت کو یقینی بناسکتاہے۔ ضلعی کانگریس لیڈر کا کہنا ہےکہ ودھان پریشد انتخابات میں پارٹی امیدوار کی جیت سے 2023کے ودھان سبھا انتخابات میں پارٹی کارکنان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اسی کے پیش نظر پارٹی نے انتخابات کو سنجیدگی سےلیا ہے۔
ریاست کے 25ودھان پریشد کی نشستوں کے لئے انتخابات ہورہےہیں، امیدواری کو لےکر کل 125لوگوں نے کانگریس پارٹی کو عرضی داخل کی ہے۔ کانگریس پارٹی تعمیراتی چندے کے نام پر فی امیدوار سے ایک لاکھ روپئے کی فیس رکھی ہے اس طرح کانگریس پارٹی کو کل ایک کروڑ پچیس لاکھ روپئے حاصل ہونےکی بات کہی جارہی ہے۔
بھیمنا نائک کی امیدوارمضبوط : ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی اترکنڑا کے صدر ہی کانگریس کے امیدوار ہونےکے امکانات زیادہ ہیں۔ کیونکہ اب بھیمنا نائک کے رشتہ دار مدھو بنگارپا کانگریس میں شامل ہوجانے سےضلع میں کانگریس کو قوت ملی ہے۔ اور اترکنڑا ضلع کے مقامی عوامی اداروں میں نامدھاری ممبران کی تعداد بھی زیادہ ہے۔ متوفی ایس بنگارپا کے احترام میں ان کے بیٹے مدھوبنگارپا رائے دہندگان کو اپنی طرف کھینچ سکتےہیں ۔ انہی وجوہات کی بنا پر بھیمنا نائک کا نام بطور امیدوار منتخب ہونے کے امکانات جتائےجارہے ہیں۔
دیش پانڈے پردیش میں :ضلع کے بااثر لیڈران میں شمار کئےجانےوالے آر وی دیش پانڈے ودھان پریشد انتخابات کو مکمل نظر انداز کئےجانے کی افواہیں گردش میں ہیں۔ گذشتہ دو دنوں سے وہ کسی کے رابطہ میں نہیں ہیں۔ ان حالات میں امیدوار کے انتخاب میں کانگریس ہائی کمان کا فیصلہ ہی حتمی مانا جارہاہے۔
16نومبر سے 23نومبر پرچہ نامزدگی داخل :کرناٹکا ودھان پریشد کے لئے ضلع میں مقامی عوامی اداروں کے طرف سے ہونے والے دوسالہ میعاد کے انتخابات کے لئے 16نومبر سے 23نومبر تک ڈپٹی کمشنر ملئی مہیلن پرچہ نامزدگی وصول کریں گے۔
ڈی سی دفتر سے پرچہ نامزدگی کےنمونہ فارم حاصل کرکے الیکشن کمشنر بنے ڈی سی ملئی مہیلن یا معاون الیکشن کمشنر کے طورپر ایڈیشںل ڈی سی کو 23نومبر تک کوئی بھی اپنا پرچہ نامزدگی فارم داخل کرسکتاہے۔ صبح 11بجے سے دوپہر 3بجے تک پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا وقت دیاگیا ہے۔ امیدوار سمیت صرف 5لوگوں کو پرچہ نامزدگی داخل کرنےکےلئے کمرےمیں داخل ہونےکی اجازت ہوگی۔ پرچہ نامزدگی واپس لینے کےلئے 26نومبر کی دوپہر 3بجے تک کا وقت ہوگا۔
جو امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کرتاہے اس کے فارم پر ضلع کے 10مقامی عوامی نمائندہ ووٹروں کی توثیق ہو نا لازمی ہے۔ عام طبقے کے امیدواروں کے لئے 10ہزاروپئے اور پسماندہ طبقات کے لئے 5ہزارروپئے بطور ضمانت اداکرنے ہونگے۔